نئی دہلی، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی حکومت نے بیرونی دہلی کے نریلا علاقے میں عام آدمی پارٹی کی ایک خاتون کارکن کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں آج مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیاہے ۔نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے شمالی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ کو معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔عورت کے خاندانی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ اپنے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو ضمانت پر رہا کئے جانے سے وہ ڈپریشن میں تھی، مبینہ ملزم پارٹی کا کارکن تھا۔سسودیا نے ٹوئٹ کیاکہ نریلا میں آپ کارکن کی خودکشی کے معاملے میں مجسٹریٹ جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔شمالی ضلع کے ڈی ایم جانچ کریں گے۔پولیس نے بتایا کہ خاتون نے نریلا کے اپنے گھر میں زہریلی چیز کھالی تھی اور ایل این جے پی اسپتا ل میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ خاتون نے جون میں پارٹی کارکن رمیش وادھوا کے خلاف چھیڑ خانی کی شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد ملزم کوگرفتارکرلیا گیا تھا۔خاتون کے خاندان کے ارکان نے پولیس کو بتایا کہ ملزم کو ضمانت ملنے کے بعد وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھی۔ اس نے الزام لگایا تھا کہ مقامی ممبر اسمبلی اس کو تحفظ دے رہے ہیں۔دہلی بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ آپ لیڈروں نے اس استحصال کی شکایت کو نظر انداز کیا۔دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے کل ایک بیان میں کہاکہ لڑکی کئی ماہ سے اپنے خلاف استحصال کا مسئلہ اٹھا رہی تھی ،لیکن آپ لیڈروں نے اسے نظرانداز کردیا ۔یہ واقعہ آپ حکومت کے خواتین مخالف کردار کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے الزام لگایا تھاکہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور مقامی ممبر اسمبلی شرد چوہان اس کی موت کے ذمہ دار ہیں۔حالانکہ آپ نے ان الزامات کو مسترد کردیا اور الزام لگایا کہ بی جے پی اس کی موت پر سیاست کر رہی ہے۔آپ کے ترجمان دیپک واجپئی نے کہا تھاکہ کسی بھی شکایت میں ممبر اسمبلی کے نام کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔جس شخص پر خاتون کو پریشان کرنے کا الزام ہے، اس کا پارٹی سے کوئی لینادینا نہیں ہے۔بی جے پی کو اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے اور ایک غریب لڑکی کی موت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ،ہم ملزم کے خلاف کارروائی بھی چاہتے ہیں۔